یومِ دفاع: مزار قائد، مزار اقبال اور نیول ہیڈکوارٹرز میں پروقار تقاریب، افواجِ پاکستان کے عزمِ نو کی تجدید

یومِ دفاع اور شہداء پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں جن میں افواجِ پاکستان نے اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور دفاعِ وطن کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان تھے جنہوں نے مزار پر پھول چڑھائے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلمبند کیے۔
خطاب میں ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے، عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر شکست دیں گے اور دفاعِ وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ڈٹ کر کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اگلی بار اسکور 0-6 نہیں بلکہ 0-60 ہوگا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن “بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص” 6 ستمبر کی یاد تازہ کرتا ہے، قائداعظم کے نظریات ہماری رہنمائی ہیں اور ایئر چیف مارشل بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ مزید ماڈرن اور مضبوط ہو چکی ہے۔

مزار اقبال پر تقریب

لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاک فوج اور رینجرز کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی دی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید فیاض حسین شاہ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

نیول ہیڈکوارٹرز میں شہداء کو خراج عقیدت

اسلام آباد میں نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگار شہداء پر خصوصی تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر پھول چڑھائے گئے، فاتحہ خوانی ہوئی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ملک بھر میں یوم دفاع کی سرگرمیاں

یوم دفاع و شہداء کی تقریبات کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

رواں برس کی کامیابیاں

یاد رہے کہ رواں برس مئی میں پاک افواج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ناصرف جدید ترین رافیل طیاروں سمیت کئی جنگی جہازوں کو گرایا بلکہ دشمن کے کئی ائیر فیلڈز کو بھی تباہ کیا۔ اس کامیابی نے پوری قوم کے حوصلے بلند کیے اور افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ عزم کو دنیا کے سامنے مزید اجاگر کیا۔

Comments are closed.