پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کی لپیٹ میں ہے، جامع منصوبہ بندی جاری ہے:وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ ملک کا ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر اس بحران سے نمٹنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اور جامع منصوبہ بندی پر عمل کر رہی ہیں۔

جلالپور پیروالا کشتی حادثہ، وزیراعظم کا اظہار افسوس

وزیراعظم نے جلالپور پیروالا میں ریسکیو کشتی الٹنے کے المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اس حادثے میں 5 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

امدادی کارروائیوں کی ہدایت

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ نقل مکانی کرنے والے افراد کو بروقت اور بھرپور امداد فراہم کی جائے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل رابطہ اور تعاون کو یقینی بنایا جائے۔

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات

شہباز شریف نے کہا کہ پیشگی وارننگ سسٹم، مضبوط و پائیدار انفراسٹرکچر اور جدید ریسکیو و امدادی نظام وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ حکومت اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

پاکستان کی کم شراکت، زیادہ نقصان

وزیراعظم نے اس حقیقت پر روشنی ڈالی کہ پاکستان دنیا میں ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں معمولی سا کردار ادا کرتا ہے، لیکن اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان میں شدید ترین ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خطرے سے دوچار علاقوں میں جامع منصوبہ بندی اور فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Comments are closed.