جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ افغان صوبے ہلمند میں ہلاک

ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس حملے کا ماسٹر مائنڈ اور فتنہ الہندوستان کا خطرناک دہشت گرد گل رحمان عرف استاد مرید افغانستان کے صوبے ہلمند میں 17 ستمبر 2025 کو پراسرار طور پر ہلاک ہو گیا۔ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا رپورٹس میں بھی اس ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

دہشت گرد گل رحمان کی دہشت گردانہ سرگرمیاں

گل رحمان فتنہ الہندوستان کے مجید بریگیڈ کا ٹرینر اور آپریشنل کمانڈر تھا۔ وہ پاکستان میں سکیورٹی فورسز، چینی شہریوں، معصوم شہریوں اور مختلف ریاستی اداروں پر حملوں میں براہ راست ملوث رہا۔ اطلاعات کے مطابق گل رحمان نے جعفر ایکسپریس بم حملے سمیت کئی بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔

فتنہ الہندوستان کے بڑے حملے

فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد گروہ نے پاکستان میں کئی سنگین وارداتیں کیں، جن میں:

  • جعفر ایکسپریس پر حملہ

  • کراچی میں چینی قونصلیٹ پر دہشت گردی

  • گوادر پی سی ہوٹل پر حملہ

  • خضدار سکول بس دھماکہ

  • کراچی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ پر خودکش دھماکہ

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ

  • کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردی

عالمی سطح پر ردعمل اور پاکستان کا موقف

امریکہ پہلے ہی فتنہ الہندوستان کے مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔ پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر اس تنظیم کو اقوام متحدہ کی دہشت گرد فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گل رحمان کی افغانستان میں ہلاکت اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

ماہرین کی رائے

دہشت گرد گل رحمان کی ہلاکت کو خطے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاک-چین اقتصادی راہداری (CPEC) اور دیگر اہم منصوبوں کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگی۔ تاہم یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کی پناہ گاہیں مستقبل میں کس طرح ختم کی جائیں گی۔

Comments are closed.