مری: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاست مشکل سفر اور کٹھن راستوں کا نام ہے، سیاست دراصل عوامی خدمت کا دوسرا نام ہے۔ انہوں نے مری میں نواز شریف کارڈیالوجی سنٹر کا افتتاح کیا اور عوام کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا۔
سیاست خدمت ہے
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کے بعد مری ہمارا دوسرا گھر ہے اور مری کے ساتھ میرا تعلق صرف ذاتی نہیں بلکہ عوامی خدمت کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مری سمیت گردونواح میں دل کے امراض کے علاج کی سہولت موجود نہیں تھی، مریض اکثر پنڈی پہنچنے سے پہلے جان کی بازی ہار جاتے تھے۔ اس مسئلے کے حل کیلئے چند ماہ میں نواز شریف کارڈیک سنٹر فعال کر دیا گیا ہے۔
پہلی مرتبہ اپ گریڈیشن
مریم نواز نے بتایا کہ 1930 کے بعد پہلی مرتبہ ساملی سنٹوریم ہسپتال کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ اس اقدام سے مری اور مضافات کے عوام کو دل کے علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت صرف دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کر رہی ہے۔
بڑے ترقیاتی منصوبے
وزیراعلیٰ نے مری کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے مسئلے کے حل کیلئے بڑا منصوبہ لایا جا رہا ہے، مری سے پنڈی کے درمیان ٹرین چلائی جائے گی جبکہ جلد ہی مری میں 15 نئی گرین بسیں بھی فراہم کر دی جائیں گی۔ ان بسوں میں خواتین کے لیے علیحدہ سیکشن اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم ہوگا تاکہ محفوظ اور معیاری سفری سہولت یقینی بنائی جا سکے۔
سیاحت اور ماحولیات پر زور
مریم نواز نے کہا کہ مری کو دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلے دور حکومت میں مری کے جنگلات کاٹ کر کنکریٹ کا شہر بنا دیا گیا، مگر اب ہم مری کے قدرتی حسن کو بحال کریں گے۔
غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن
وزیراعلیٰ پنجاب نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مری میں رشوت کے ذریعے غیر قانونی عمارتوں کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مری کے حسن کو برباد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
Comments are closed.