ڈی جی آئی ایس پی کا کنیئرڈ کالج کا دورہ، طالبات سے سکیورٹی، سوشل میڈیا اور پاک فوج کے کردار پر گفتگو

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کنیئرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں فیکلٹی ممبران اور طالبات نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ کالج انتظامیہ نے اس موقع پر پاک فوج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں قومی استحکام و دفاع کی علامت قرار دیا۔

انٹریکٹو سیشن اور خصوصی گفتگو
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے فیکلٹی اور طالبات کے ساتھ ایک انٹریکٹو سیشن میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور، ملکی سلامتی کے چیلنجز اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملکی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ تعلیم، صحت، اور قدرتی آفات میں عوامی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔

سوشل میڈیا اور نوجوان نسل کا کردار
ڈی جی آئی ایس پی آر نے سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو سچ اور افواہ میں فرق کرنے کی تربیت حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ ذمہ دار شہری کے طور پر سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں اور ملک کے خلاف جھوٹے بیانیے کا حصہ نہ بنیں۔

طالبات کا خراجِ تحسین اور جذبہ حب الوطنی
سیشن کے دوران کنیئرڈ کالج کی بصارت سے محروم ہونہار طالبہ نے پاک فوج کے لیے ایک دل کو چھو لینے والا نغمہ پیش کیا، جس پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ طالبات نے شہداء و غازیانِ وطن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی امید اور فخر ہے۔

خواتین کی تعلیم اور قومی ترقی
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ خواتین ملک کے روشن مستقبل کی معمار ہیں، اور تعلیم یافتہ خواتین پاکستان کے استحکام اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوان طالبات کو یقین دلایا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

اختتام پر کالج انتظامیہ کی جانب سے شکریہ
دورے کے اختتام پر کنیئرڈ کالج کی پرنسپل نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی آمد نے طالبات میں نیا جوش و جذبہ پیدا کیا ہے۔

Comments are closed.