ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ، 7 پولیس اہلکار شہید، 6 دہشت گرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے رتہ کلاچی میں واقع پولیس ٹریننگ سکول پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ پولیس کی جوابی کاروائی سے 6 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب ٹریننگ سکول میں تقریباً 200 افراد موجود تھے۔

حملہ اور دہشت گردوں کا سکول میں داخلہ
حملہ آور خوارج نے سکول کے گیٹ سے بارود سے بھرا ٹرک ٹکرا کر دھماکہ کیا، جس کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشت گرد سکول کے اندر داخل ہو گئے۔ ان دہشت گردوں نے دستی بم پھینکتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر شدید فائرنگ کی۔

پولیس کا جواب اور 5 گھنٹے تک جاری رہنے والا آپریشن
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ حکام کے مطابق یہ آپریشن تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہا، جس میں پولیس اور سکیورٹی فورسز نے کامیابی حاصل کی اور 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

زخمی اہلکاروں کا علاج اور محفوظ مقام پر منتقلی
حکام کے مطابق، فائرنگ کے دوران 7 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں فوراً قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ، ٹریننگ سنٹر میں موجود تمام ریکروٹس، اساتذہ اور سٹاف کو بحفاظت ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

آپریشن کی کامیابی اور انعامات کا اعلان
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان صاحبزادہ سجاد احمد اور آر پی او سید اشفاق انور بھی موقع پر موجود تھے اور آپریشن کی قیادت کی۔ آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید جوانوں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔ کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

حالات معمول پر، سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری
آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے اور سرچ اینڈ کلین آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ علاقے میں مکمل سکون بحال ہو چکا ہے اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Comments are closed.