سپین کے قومی دن کے موقع پر دارالحکومت میڈرڈ میں روایتی فوجی پریڈ منعقد ہوئی جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کر کے مسلح افواج سے اپنی محبت اور حمایت کا اظہار کیا۔ اس سال موسم خراب ہونے کی وجہ سے پریڈ کچھ مختصر کر دی گئی.
شاہ فلیپ ششم، ملکہ لیٹیزیا، ولی عہد شہزادی لےنور اور شہزادی صوفیہ نے پریڈ کی صدارت کی، جبکہ وزیر اعظم پیدرو سانچیز کو حسبِ روایت کچھ شرکاء کی جانب سے سیٹیوں اور نعرے بازی کا سامنا کرنا پڑا۔ دائیں بازو کی جماعت ووکس کے سربراہ سینتیاگو اباسکل نے حکومت کے خلاف احتجاج کے طور پر اس بار پریڈ کی اسٹیج پر شرکت نہیں کی۔
پریڈ کا آغاز صبح 11 بجے ہوا اور یہ شہر کے مرکزی راستے پر منعقد ہوئی۔ پیراشوٹ ٹیم نے اسپین کا قومی پرچم فضا میں لہراتے ہوئے مظاہرہ کیا، جب کہ جدید طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے فضائی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ زمینی پریڈ میں ٹینک، فوجی گاڑیاں، گھوڑے، کتے اور ہزاروں فوجی اہلکار شریک ہوئے۔ تقریب میں شہداء کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا اور آخر میں شاہی خاندان نے فوجی حکام سے ملاقات کی۔
پریڈ کے اختتام پر شاہی محل میں روایتی استقبالیہ دیا گیا۔ خراب موسم اور سیاسی تنازعات کے باوجود یہ تقریب اسپین کے قومی اتحاد، فوجی طاقت اور عوامی یکجہتی کی ایک بڑی علامت ثابت ہوئی۔