اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو آئندہ پیشی پر طلب کرلیا ہے، جب کہ گواہوں کی عدم حاضری پر عدالت نے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔
گواہوں کی عدم حاضری پر سماعت ملتوی
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی۔ عدالت میں آج طلب کیے گئے تین گواہ، جو پولیس کے سب انسپکٹرز ہیں، پیش نہ ہوسکے۔ عدالت کو جمع کرائی گئی پولیس رپورٹ کے مطابق افسران گواہ کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں، اسی باعث وہ عدالت پیش نہ ہوسکے۔
بانی پی ٹی آئی کی جیل سے حاضری، شیخ رشید کی پیشی
دورانِ سماعت بانی پاکستان تحریک انصاف کی حاضری جیل روبکار کے ذریعے لگائی گئی، جب کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔
آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی
عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی، جہاں تینوں گواہوں کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت نے تمام ملزمان کو بھی 5 نومبر کو جیل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
پس منظر
یاد رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس ان مقدمات میں شامل ہے جو 9 مئی کے واقعات کے بعد درج کیے گئے تھے۔ اس کیس میں متعدد سیاسی رہنماؤں سمیت دیگر افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
Comments are closed.