وزیراعظم نے وزراء کے دورے منسوخ کردئیے، 27ویں ترمیم پر مشاورت تیز

وزیراعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم کے سلسلے میں تمام وزراء اور ارکانِ پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت دے دی ہے، جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو تمام سیاسی جماعتوں سے اتفاقِ رائے حاصل کرنے کا اہم ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

وزراء کے دورے منسوخ 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام وزراء اور اراکینِ پارلیمنٹ کے جاری اور آئندہ شیڈول شدہ دورے منسوخ کر دیے ہیں۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد میں موجود رہیں تاکہ 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق پارلیمانی مشاورت میں بھرپور حصہ لیا جا سکے۔

سپیکر ایاز صادق کا اہم اجلاس طلب
وزیراعظم کی ہدایت پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تمام پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس آج شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے اسپیکر لاؤنج میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں تحریکِ انصاف، جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت تمام بڑی اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور چیف وہپس کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

آئینی ترمیم کے نکات پر بریفنگ اور مشاورت
اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کے خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ اس کی منظوری سے متعلق حکومتی حکمتِ عملی پر بھی غور ہوگا۔ سپیکر ایاز صادق تمام جماعتوں سے ترمیم کی حمایت کی درخواست کریں گے اور پارلیمانی رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ اتفاقِ رائے کی فضا قائم کی جا سکے۔

نمبرز گیم پر انحصار
ذرائع کے مطابق اگر حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مکمل اتفاق نہ ملا تو وہ اپنی پارلیمانی اکثریت پر انحصار کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے اور اتحادی جماعتوں کے تمام ارکانِ قومی اسمبلی کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حکومتی اتحاد کو مطلوبہ حمایت حاصل
پارلیمانی ذرائع کے مطابق حکمراں اتحاد کو قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے درکار کم از کم 224 اراکینِ اسمبلی کی حمایت حاصل ہے، جس سے ترمیم کی منظوری کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

Comments are closed.