وفاقی آئینی عدالت کے دو نئے ججوں نے حلف اٹھا لیا، تین بنچ تشکیل

اسلام آباد میں ہونے والی پروقار تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے دو نئے ججز جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے حلف اٹھا لیا۔ نئے ججز کی شمولیت کے بعد عدالت نے باقاعدہ طور پر تین بنچ تشکیل دے دیے ہیں، جو آج سے مقدمات کی سماعت کا آغاز کریں گے۔

نئے ججز کی حلف برداری کی تقریب
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی آئینی عدالت کے دو نئے ججوں، جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس امین الدین خان نے دونوں ججز سے حلف لیا۔

تقریب میں وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز، لا افسران، اور عدالتی اسٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں شریک ہونے والوں میں وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس حسن رضوی، جسٹس عامر فاروق، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس کے کے آغا شامل تھے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب طاہر، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس انعام امین منہاس، جسٹس آصف اور جسٹس اعظم خان نے بھی شرکت کی۔

تین بینچوں کی تشکیل
حلف برداری کے بعد چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے لیے تین بنچ تشکیل دیے،

جن میں بنچ 1 میں چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں، بنچ 2 میں جسٹس حسن رضوی اور جسٹس کے کے آغا جبکہ بنچ 3 میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان شامل ہیں۔ یہ بنچ آج سے مختلف آئینی نوعیت کے مقدمات کی سماعت شروع کریں گے۔

عدالتی کمروں کی منتقلی
وفاقی آئینی عدالت کے اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمارت میں آنے کے بعد عدالتی کمروں کی نئی ترتیب جاری ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر بدستور کورٹ نمبر ون میں سماعت کریں گے جبکہ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کورٹ نمبر ٹو میں بیٹھیں گے۔

کورٹ ٹو سے سابقہ عدالت جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت جسٹس میاں گل اورنگزیب کی عدالت میں منتقل کی گئی ہے اور وفاقی آئینی عدالت کے ججز جسٹس عامر فاروق اور جسٹس حسن اظہر رضوی تھرڈ فلور پر بیٹھیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی آئینی عدالت کی آمد عدالتی ڈھانچے میں اہم تبدیلی ہے، جس سے آئینی مقدمات کے علیحدہ اور مؤثر فیصلوں کی توقع بڑھ گئی ہے۔

Comments are closed.