وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ایف سی ہیڈکوارٹر حملے کی شدید مذمت

پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر دہشت گردوں کے خودکش حملے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر ہونے والے دہشتگرد حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر ایک بڑی تباہی کو ٹال دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہے، لیکن دہشتگردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی خیبرپختونخوا کو واقعے کی تفصیلی رپورٹ فوراً پیش کرنے کی ہدایت کی اور زخمی اہلکاروں کے علاج کے لیے تمام دستیاب طبی وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ حکومت واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رہے گی، اور صوبائی حکومت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی پشت پر کھڑی ہے۔ انہوں نے اس بات کا عزم دہرایا کہ صوبے میں امن کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Comments are closed.