صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر حملے کی شدید مذمت

پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز پر خودکش حملے کے بعد صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے واقعے کی سخت مذمت کی اور شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔

صدر آصف علی زرداری

صدر مملکت نے واقعے کو فتنۂ خوارج کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے میں ملوث عناصر بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشتگرد ہیں جن کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا ہے۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ صدر آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فوری ایکشن نے بڑے سانحے کو ٹال دیا۔

وزیراعظم کا بیان

وزیراعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کو کمزور کرنے والے دہشتگرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیکیورٹی ادارے واقعے کے ذمہ داروں کی شناخت کر کے انہیں سخت سزا دلائیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پہلے سے زیادہ مضبوط عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

وزیر داخلہ  کی وضاحت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے اپنی جانوں پر کھیل کر حملے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے تین شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشتگرد ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کر سکتے، ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

حملے کی نوعیت 

خیال رہے کہ پشاور میں تین دہشتگردوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس میں ایک خودکش بمبار نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ دو دہشتگردوں کو ایف سی جوانوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے چند منٹ میں علاقے کو کلیئر کرتے ہوئے کارروائی مکمل کر لی۔

Comments are closed.