الیکشن بائیکاٹ نہیں، دھاندلی بے نقاب کریں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جب عوام ساتھ ہوں تو الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا جاتا، اور اگر دھاندلی کے نتیجے میں شکست بھی ہو جائے تو بائیکاٹ کے بجائے دھاندلی کو بے نقاب کرنا چاہیے۔ صوبائی وزراء اور سیکرٹریوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’’کبھی اتنی منافقت نہیں دیکھی، ہار گئے تو بائیکاٹ، ورنہ سب قبول۔‘‘ ان کے مطابق ضمنی الیکشن کسی عام انتخاب کے بجائے ’’ایک ریفرنڈم‘‘ ثابت ہوئے۔

کارکردگی ہی اصل بیانیہ ہے

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پرفارمنس سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں ریاستی مشینری ن لیگ کے خلاف استعمال ہوئی، اس کے باوجود عوام نے اپنی رائے بدلنے نہیں دی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پی ٹی آئی نے پنجاب میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا مگر خیبرپختونخوا میں حصہ لیا، ’’لیکن وہاں بھی انہیں عبرتناک شکست ہوئی۔‘‘

قیدی نمبر 804 کے نام پر سیاست

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ’’قیدی نمبر 804‘‘ کے نام پر الیکشن مہم چلائی لیکن نتائج ان کے دعوؤں کے برعکس آئے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں مقبولیت کے تمام دعوے زمین بوس ہو گئے اور عوام نے واضح طور پر فیصلہ دے دیا۔

جیت نواز شریف اور عوام کے نام

مریم نواز شریف نے ضمنی الیکشن کی کامیابی کو نواز شریف اور دونوں صوبوں کے عوام کے نام منسوب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق اِن نتائج نے ثابت کر دیا کہ عوامی حمایت ہی اصل طاقت ہے۔

Comments are closed.