امن کیلئے صدر ٹرمپ کے منصوبے پر آگے بڑھنے کو تیار ہیں:یوکرینی صدر

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ روس سے جنگ کے خاتمے کے حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ کے امن منصوبے پر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں، تاہم چند نکات پر امریکا اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ مزید بات چیت ضروری ہے۔

امریکی امن منصوبے پر اصولی آمادگی

بیان میں زیلنسکی نے واضح کیا کہ یوکرین امریکی تجویز کو سنجیدگی سے پرکھ رہا ہے اور اختلافی نکات کے حل کے لیے واشنگٹن اور یورپی شراکت داروں کے ساتھ مشاورت جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاہدے کے لیے یوکرین کے دفاعی اور علاقائی مفادات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ری ایشورنس فورس

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق صدر زیلنسکی نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین میں ری ایشورنس فورس کی تعیناتی کے لیے ایک واضح اور قابلِ عمل فریم ورک تیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ کو اس وقت تک یوکرین کی حمایت جاری رکھنی چاہیے جب تک ماسکو جنگ ختم کرنے کی حقیقی خواہش ظاہر نہیں کرتا۔

ڈیڈ لائن قریب

امریکی صدر نے یوکرین کو 27 نومبر تک امن معاہدہ قبول کرنے کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے، جس کے باعث کیئف پر سفارتی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

روس کی حمایت 

دوسری جانب روس نے بھی جنگ بندی کے لیے امریکی امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا ہے، تاہم صدر ولادیمیر پیوٹن خبردار کر چکے ہیں کہ اگر یوکرین نے معاہدہ مسترد کیا تو روس مزید علاقوں پر قبضہ کرسکتا ہے۔

Comments are closed.