وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے بحرین کے وزیرِ داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ سے منامہ میں اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس موقع پر مختلف شعبوں خصوصاً سکیورٹی اور انسدادِ منشیات میں تعاون کو نئی سطح تک لے جانے پر اتفاق کیا۔
انسدادِ منشیات میں قریبی تعاون
ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے اور معلومات کے باہمی تبادلے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات پر مشاورت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے مربوط کارروائی اور معلومات کی بروقت شیئرنگ انتہائی ضروری ہے۔
برادرانہ تعلقات
محسن نقوی نے بحرینی ہم منصب کی گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دہائیوں پر محیط برادرانہ رشتوں کی بنیاد پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان قریبی رابطہ خطے میں امن و استحکام کو مضبوط بناتا ہے۔
مستقبل کی شراکت داری
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاکستان اور بحرین اپنے عوام کے محفوظ مستقبل اور باہمی مفاد کے لیے شراکت داری کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ دونوں ممالک نے علاقائی سلامتی کے چیلنجز کے پیش نظر تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
Comments are closed.