بیرونِ ملک روانگی کے قواعد سخت: ایف آئی اے امیگریشن کو اضافی اختیارات دے دیے گئے

حکومتِ پاکستان نے ایئرپورٹس پر بڑھتے مسائل اور غیرقانونی سفر کی کوششوں کے پیشِ نظر ایف آئی اے امیگریشن کے اختیارات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ بیرونِ ملک روانہ ہونے والے مسافروں کو اب ویزا موجود ہونے کے باوجود سفر کے مقصد اور دستاویزات پر مکمل طور پر مطمئن کرنا ہوگا۔

 سفری مقصد اور دستاویزات

وزارتِ داخلہ کے مطابق امیگریشن حکام اب ہر مسافر سے اس کے سفر کی وجہ، متعلقہ ثبوت اور مکمل سفری ریکارڈ طلب کر سکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی مسافر سفر کی معقول وجہ یا ضروری دستاویزات پیش نہ کر سکا تو اسے موقع پر ہی آف لوڈ کیا جا سکے گا۔

سخت نگرانی

وزارتِ داخلہ نے انکشاف کیا کہ متعدد افراد سینیگال کا ویزا لے کر وہاں سے غیرقانونی طور پر یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، جس باعث اس روٹ کی خصوصی اسکریننگ سخت کر دی گئی ہے۔
امیگریشن اہلکار اب ریٹرن ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، بینک اسٹیٹمنٹ، اسپانسر لیٹر اور دیگر سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کریں گے۔

 ریاستی ساکھ کی بہتری

حکام کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف قانونی طور پر سفر کرنے والوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں بلکہ پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سخت اسکریننگ سے غیرقانونی سفر کے نیٹ ورکس کی روک تھام ممکن ہو گی۔

Comments are closed.