لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت فنکاروں کے ساتھ فنکاری نہ کرے، ان سے محبت کرے۔ اگر فنکار مایوس ہو گئے تو پھر معاشرے کا کوئی پرسان حال نہ ہو گا۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسر تھیٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین قیصر ثناء اللہ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، آصف اقبال، طاہر انجم، شاہد خان اور محمد یوسف شامل تھے۔
اس موقع پر لیگی سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت فنکاروں سے محبت کرے ان کے ساتھ ”فنکاری“ نہ کرے۔ ان فنکاروں کے ساتھ گلے ملنا چاہتا تھا لیکن کورونا ایک ایسی موذی وبا ہے کہ چاہتے ہوئے بھی نہیں مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ عوام دعا اور استغفار کریں تاکہ کورونا کا زور مکمل ٹوٹ جائے۔
چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر ایس او پیز کے مطابق تھیٹر کھول کر عوام میں خوشیاں بانٹنی چاہئیں۔ پنجاب حکومت تھیٹر کھول کر عید الاضحی سے قبل اس وقت کورونا سے جو غمگین ماحول ہے اس کو خوشگوار بنائے۔ فنکار برادری موجودہ مایوسی اور ڈپریشن سے عوام کو نکال سکتی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پرعمل کرنا بہت ضروری ہے، اگر عید پرایس او پیز پر عمل کر کے مخصوص پیمانے پر سٹیج ڈرامہ کیا جا سکتا ہے تو کوئی حرج نہیں، اس صنعت سے وابستہ افراد کا چولہا ٹھنڈا پڑ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو مل کر فنکار برادری کے مسائل سے آگاہ کروں گا، پانچ ماہ سے تھیٹر کا کاروبار بند ہے۔
Comments are closed.