سپین میں مقیم پاکستانی، جن کی اپنی ہسپانوی(ہسپانبی) زبان ہے

ہسپانیہ نامہ از ڈاکٹر راجہ عرفان مجید سائر دوسری قسط

ہسپانیہ نامہ کو آگے بڑھانے سے پہلے احسن یہی ہے کہ کچھ ہسپانابی کا تذکرہ ہو جائے۔ایسا نہیں کہ جب میں بارسلونا پہنچا تو بلاغت اور فصاحت کی حدوں کو چُھو رہا تھا۔ وساوس اور واہمے زندہ ہوں تو ذہنی پُختگی کوسوں دُور ہوتی ہے۔ میں نے تمام عُمر اپنے اندر حماقت اور شرارت کو زندہ رکھا ہے۔ دُنیا میں سب کُچھ سنجیدہ ہے، لُطف اور مزاح سنجیدگی کی معراج نہ سہی کلائمیکس ضرور ہے۔ بعض کلائمیکس کو معراج سمجھتے ہیں تو عرض یہ ہے کہ کلائمیکس وہ نُقطہ ہے جہاں سے چڑہائی نہیں اترائی شروع ہوتی ہے اور معراج عروج کی انتہا ہے جس کے بعد اُتار چڑھاؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اُن اقوام کو ڈال لیا جائے جنھوں نے آبادی بڑھائی ہی بڑا دِکھنے کے لیے ہے تو ہسپانوی دُنیا کی چوتھی بڑی زبان ہے اور اُنہیں نکال دیا جائے تو انگریزی کے بعد دوسری بڑی زبان اور خاص طور پر ہسپانیہ سے باہر فلپائن اور لاطینی امریکہ سمیت ان گنت جزائر کی زبان ہے۔ فصاحت و بلاغت، گہرائی، جمالیات، حُسنِ بیان، جامعیّت، سنجیدگی، مزاح اور لطافت بڑی زبانوں کے بنیادی اجزائے ترکیبی ہوا کرتے ہیں۔ ہسپانوی زبان پر عربی کا اثر اپنی جگہ سچ ہے اور آج تک چلا آ رہا ہے۔ پاکستانیوں کی دوسری جملہ کاوشوں میں ایک “بڑی کاوش” یہ بھی ہے کہ اُنہوں نے “ہسپانابی” بنا لی ہے۔ پاکستانی بالخصوص پنجابیوں کی ہسپانوی سُن کر مُجھے عجیب سا لُطف آتا ہے کہ بچپن سے گھر گھر میں پنجابی لب و لہجہ میں قرآن شریف سُننے کی عادت ہے۔ میرا اپنا لہجہ باوجود لاکھ کوشش اور جان مارنے کے ہسپانوی اتنا ہی ہو سکا ہے کہ بعض اوقات خیال آتا ہے کہ خواہ مخواہ “جان” کو مارا۔ پاکستانی غریب الوطنوں کی اکثریّت چوں کہ پنجاب سے ہے اِس لیے ہسپانابی اِن کے ہاں رائج ہے اور ہسپانابی کا تلفُظ تک پنجابی میں ہے۔

شروع میں میری کیفیّت لُطف اور حیرت کا امتزاج ہوا کرتی تھی مگر یہ زخیرۂِ الفاظ سُن سُن کر لُطف رہ گیا اور حیرت جاتی رہی۔ حصولِ برکت کے لیے کُچھ الفاظ اور اصطلاحات ذیل میں پیش کی جارہی ہیں۔

ترانخیرو: یہ لفظ Extranjero ہے۔ ہسپانوی میں J کو خوتا پڑھتے ہیں۔ ہمارے لوگ ہسپانوی زبان کے حرف J کو یاد کرنے کے لیے کھوتا بطور نشانی یاد رکھتے تھے۔

جانتامینتُو: یہ Ayuntamiento یا آ یُون تا می این تو ہے۔ کاتالان میں J کا تلفُظ ج ہی کا ہے۔ ہمارے لوگ ہسپانابی میں جانتا مینتو پڑھتے ہیں۔

پریمو: ہسپانوی میں تایا زاد، چچا زاد، ماموں زاد اور خالہ زاد کو کہتے ہیں۔ یہ لفظ مقامی خیتانو (جپسی) اور پنجابیوں میں زبان زدِ عام ہے۔ خیتانو اِنہیں، یہ خیتانو کو اور آپس میں ایک دوسرے کو پریمو کہتے ہیں۔ لفظ Primo کو قبولِ عام حاصل ہے، ہسپانوی اداروں تک میں مقبول اور معلوم ہے کہ پاکستانی جو ایک دوسرے کو جانتے تک نہیں وہ ایک دوسرے کے پریمو ہوا کرتے ہیں۔

خیفے: انگریزی میں باس اور ہسپانوی میں Jefe کہتے ہیں۔

پریساریو: Empresario، کاروباری فرد یا کسی کمپنی کے مالک کو کہتے ہیں۔ پاکستانی برادری میں خیفے اور پریسارِیو بننے کا اچھوتی مرض ہے۔

اکثریّت سنیاسی ہے اور خیفے یا پریساریو صرف سیاسی سماجی کہلوانے کے لیے بنتے ہیں۔

یُودا: Ayuda یا آیُودا۔ سوشل ویلفئر سے ملنے والی رقم یا امداد

باخا: بیماری کی وجہ سے عارضی چھٹی۔ پاکستانی یہ چھٹی کرنے کی بجائے مارتے ہیں لہذا باخا مارنا زبان زدِ عام ہے۔

نومینل: نومینا یا Nomina۔ یہ تنخواہ یا تنخواہ کی تفصیل کو کہتے ہیں۔

وِیدا لبورال: بیدا/ ویدا لابورال یعنی جو کام کی تفصیل یا عُمر

سگُوریدادو: سوشل سیکیورٹی یا ہسپانوی میں Seguridad Social

بھہتریا: بھہتر گھنٹوں سے ماخوذ۔ پولیس نے اگر کسی کو تین دن اور تین راتیں حوالات میں رکھا یا 72 گھنٹے سزا/ پوچھ گچھ ہوئی تو اُسے بھہتریا کہا جاتا ہے۔ یہ بد کی بجائے نیک شگون اور رحمت سمجھا جاتا ہے اور کاغذات بنوانے کے لیے کافی عرصہ بطور ثبوت پیش کیا جاتا رہا ہے۔ ایسے لوگوں کو یار دوست اِن الفاظ میں مبارک باد دیتے اور شُکر کی تلقین کرتے پائے گئے ہیں “اوہ پئے ن کاغذ”۔

دولر: دولور یا Dolor معنی درد

گتہ: رہائشی/ شناختی کارڈ

سیندا: Hisenda، ٹیکسیشن، ٹیکس جو متعلقہ وزارت اکھٹا کرتی ہے یا اِیسیندا جہاں ٹیکس ڈکلئر کروایا جاتا ہے۔

کاشا/ کاشے: یہ لاکائشا بنک ہے۔ La Caixa کو کاتالونیا کا حکومتی بنک ہونے کا درجہ حاصل ہے۔ تارکینِ وطن کی اکثریت اسی بنک کے گاہک ہوا کرتے تھے۔

تورے اکبر یا اکبر ٹاور: یہ بییضوی مینار گلورییس (Glories) کے علاقے میں واقع ہے۔ سرِ شام سبز، نیلی، سُرخ روشنیاں اِس مینار سے چھلک چھلک جاتی تھیں۔ میں مارے اشتیاق کے ایک شام اکبر مینار دیکھنے چلا گیا۔ مُجھے کافی واسطوں سے یہ روایت پہنچی تھی کہ کوئی مصری ہے جس نے یہ مینار بنایا ہے اور اُس کے نام پر اِس مینار کا نام رکھا گیا۔ میں مینار کے ارد گرد گول چکر کھاتا اُس تختی کے سامنے پہنچا جہاں مینار کی تاریخ اور تفصیل لکھی تھی۔ وہ پڑھ کر میں نے لاکھ ڈھونڈا مگر جس اشتیاق کے مارے میں وہاں پہنچا تھا وہ مجھے مل جاتا تو میں اُسے مار کر دم لیتا۔ تفصیل کے مطابق مینار کا نام تھا Torre AguaBar یعنی توررے ہو گیا مینار اور آغوا کہتے ہیں پانی کو اور بار کا مطلب ہے بارسلونا تو یہ مینار بارسلونا کے اُس محکمے کا ہے جو ہر سال بِلوں پر اُن اربوں پانی کے قطروں کا حساب لکھ کر بھیجتا ہے جو اہلِ بارسلونا استعمال اور ضائع کرتے ہیں۔

Activity - Insert animated GIF to HTML

‏Falta: کاغذات بنوانے والوں سے میں نے ایک لفظ جو سب سے زیادہ سُن رکھا تھا وہ “فالتا” تھا۔ آئے روز کسی نہ کسی کا کوئی فالتا نکلتا رہتا اور ہر دفعہ یہی سُننے کو مِلتا کہ “فالتا نِکل آیا ہے یار”۔ کسی غریب الوطن کی زندگی میں فالتے کو اہم مقام حاصل تھا۔ فالتا کیا ہے یہ سمجھنا اپنی جگہ دلچسپ تھا۔ فالتا کا سادہ سا مطلب یہ ہے کہ درخواست میں کوائف اور ضروری کاغذات میں کُچھ کم نکل آئے یا جو معلومات دی گئی ہیں اُس کے مطابق ادارہ بطور ثبوت کوئی دستاویز مانگ لے۔ کوئی تارکِ وطن کہیں سے ہسپانیہ میں آیا ہو براہ راست یا بال راست اُس کا کم از کم ایک بار فالتا نکل چُکا ہے۔

ہماری کمیونٹی نے اپنی سہولت کے لیے شہروں کے نام تک ہسپانابی میں کر لیے۔ مثال کے طور پر بارسلونا سے آنا کو بارسلونیوں آنا اور بارسلونا جانا کو بارسلونے جانا۔ ماتارو کو متارو، بادالونا کو بدلونا وغیرہ۔ بارسلونا مرکز کا ایک محلہ ہے ایل روال، اُس کی ایک گلی ہے جس کا نام ہے رمبلہ روال جو اپنے اصل نام کی بجائے پریشان رملا کے نام سے شہرت پا گیا۔ پاکستانیوں نے بہت سے جگہوں کو دیسی نام دیے مثال کے طور پر سانتاکولوما دے گرامینیت کا پلاسا دیل ریلوخ (۳) کو چِڑی پلاسا، پلاسا دے آنجلز (۴) کو چِٹا پلاسا وغیرہ وغیرہ مگر جو عزت اور نام ایل روال کا بطور پریشان رملا بُلند ہوا اُس کے سامنے رمبلہ کاتالونیا غیر پاکستانیوں کی ہو تو ہو، پاکستانی کمیونٹی کی حقیقت ایل روال ہی ہے۔

ایک مرتبہ میرے ایک جاننے والے نے “اگر ہوتا ہے تو ہو اور نہیں ہوتا نہ ہو” کا ترجمہ یوں کیا “Si pasa pasa, Si no pasa no pasa”۔ لطف کی بات یہ ہے کہ ہسپانوی میں اِس جملے کا مطلب کچھ اور ہے مگر بیان کیے گئے معنی کے علاوہ مطلب اردو میں اوّل کُچھ اور نکالنا مُشکل اور نکل آئے تو اردو میں سمجھانا مُشکل۔

(۳) ہسپانوی زبان میں ایل ریلوخ (el reloj) گھڑی کو کہتے ہیں۔ اور پلاسا چھوٹے پارک/ تھڑا کو کہتے ہیں۔ پلاژا دل ریلوخ سانتا کولوما دے گرامینیت میں واقع ہے۔

‏(۴) Plaça dels Àngels، فرشتوں کا پارک (پلاژا کا ہمارے نزدیک درست ترجمہ تھڑا ہے) اسے پاکستانی چِٹا پلاسا کہتے ہیں۔ یہ پلاسا بارسلونا کے میوزیم آف کنٹمپوریری اینڈ ماڈرن آرٹس اور جامعہ باسلونا کی فیکلٹی آف ماڈرن آرٹس کے سامنے واقع ہے اور ایل روال محلے کا حصہ ہے۔ ہسپانوی اور کاتالان زبانوں میں C, Z اور Ç کا مخرج عربی میں ث اور ظ سے ملتا جُلتا ہے۔ بہت سوچ بچار کے بعد ہم نے ژ اختیار کیا ہے۔ س اور ز پڑھنا بھی درست ہے۔

Comments are closed.