پیرس گروپ کا جی 20 ریلیف معاہدے کے تحت پاکستان کا قرض مؤخر کرنے کا اعلان

پیرس: ترقی پذیر ممالک کو قرض فراہم کرنے والے پیرس گروپ نے جی 20 ممالک کے ریلیف معاہدے کے تحت پاکستان کا قرض مؤخر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جی 20 اور پیرس کلب کے حالیہ معاہدے میں 1ارب 10 کروڑ ڈالر کے قرضے کی رعایت حاصل کرنے والے ممالک کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 30 ممالک اس پروگرام سے مستفید ہونے کے لیے رابطہ کرچکے ہیں۔

جی 20 کے امیرترین ممالک کے اس گروپ کے 11 ملکوں سے پاکستان مجموعی طور پر 20ارب 70 کروڑ ڈالر قرض حاصل کرچکا ہے جب کہ حالیہ معاہدے سے پاکستان کو 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کا ریلیف ملے گا۔مئی میں پاکستان نے جی 20 ممالک کو قرض میں رعایت کی درخواست دی تھی۔

خیال رہے کہ 15 اپریل کو جی 20 ممالک باضابطہ درخواست کی شرط پر پاکستان سمیت 76 ممالک کے لیے مئی تا دسمبر 2020 تک قرضے منجمد کرنے کی منظوری دے چکے تھے۔ وزیراعظم عمران خان اور آئی ایم ایف نے بھی ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

Comments are closed.