عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا، پاکستان میں 550 روپے سستا

کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 6 ڈالر کا اضافہ ہوا ہے تاہم پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 550 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر کے اضافے سے 1442 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اس کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 550 روپے اور471 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 83 ہزار 450 روپے اور دس گرام سونے کی  قیمت کم ہو کر 71 ہزار 545 روپے ہوگئی۔ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے 1110 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 951 روپے 64 پیسے پر مستحکم رہی۔

دوسری جانب عیدالاضحی کے موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سےاپنے خاندانوں کو زیادہ مقدار میں ترسیلات بھیجنے کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری کا رحجان دیکھنے کو ملا اور روپے کی نسبت ڈالر کو ایک روپے47 پیسے کی تنزلی کاسامناکرنا پڑا۔

 اس طرح ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر کی قدر160.58 سے کم ہوکر 159.11 روپے پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں بھی گزشتہ ہفتےروپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر1 روپے 20 پیسے سستا ہوا۔

گزشتہ ایک ہفتے میں اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر 160.70 سے کم ہوکر 159.50 روپے کا ہوگیا، معاشی ماہرین کاکہناہے کہ ترسیلات کی آمد کی وجہ سے روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔

Comments are closed.