کراچی/ اسلام آباد: ایران سے درآمدی ٹماٹر پاکستان پہنچنے میں تاخیر کے سبب ٹماٹر تاحال 3 تا 4 سو روپے میں فروخت کیا جارہا ہے دیگر سبزیاں بھی شہریوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔
بڑے شہروں میں ٹماٹر مختلف داموں پر فروخت ہورہا ہے، متوسط طبقے کی آبادی والے علاقوں میں ٹماٹر 300 روپے کے آس پاس جبکہ پوش علاقوں میں 400 روپے کی سطح تک فروخت ہونے لگا ہے۔
سبزی منڈیوں میں بلوچستان کا ٹماٹر درجہ اول 250 روپے کلو جبکہ درجہ دوم 180 روپے کلو تک فروخت کیا جارہا ہے تاہم سبزی فروشوں کی جانب سے کم سے کم ٹماٹر کی قیمت 280 روپے فی کلو وصول کی جارہی ہے۔
کراچی کے علاقے طارق روڈ کی کمرشل مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمت 400 روپے فی کلو وصول کی جارہی ہے، شہری کلو کے بجائے ایک پاؤ ٹماٹر خرید رہے ہیں، سبزی فروش کم مقدار میں ٹماٹر خریدنے والوں سے اور بھی زیادہ قیمت وصول کرتے ہیں۔
دوسری جانب درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ایران سے 4500ٹن ٹماٹر کی درآمد کے سودے کیے ہیں اب تک 989ٹن ٹماٹر پاکستان پہنچ چکا ہے تاہم ایران میں پیٹرول کی قیمتوں پر احتجاج کی وجہ سے ٹماٹر کی ترسیل متاثر ہونے اور تاخیر کا خدشہ ہے۔
ادھر ٹماٹر کے علاوہ پیاز، آلو، مٹر، بھنڈیاں اور دیگر سبزیاں بھی من مانی قیمت پر فروخت ہورہی ہیں، پیاز 80 تا 100روپے کلو، آلو 50روپے ، بھنڈی 120تا 140روپے، مٹر 200روپے ، اروی، توری، ٹنڈے 120روپے، پالک 60روپے، شلجم، چقندر، گوبھی 100روپے جبکہ کھیرا70 سے 80روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔
Comments are closed.