پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں25 پیسے سے 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر تک کی کمی

اسلام آباد: مہنگائی سے پریشان عوام کے لئے خوش خبری۔۔۔۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 2 روپے 90 پیسے فی لٹر تک کمی کر دی ہے۔

وزارت خزانہ نے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد دسمبر کے لئے پٹرولیم مصنوعات سستی کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات میں کی سمری بھجوائی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 40 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 127.41 روپے سے کم ہو کر 125.01 ہو گئی ہے، پٹرول کی قیمت 25 پیسے کمی کے بعد 114.24 روپے کے بجائے 113.99 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 83 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 97.18 روپے سےکم ہوکر 96.35 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے، اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 90 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل آئل 82 روپے 43 پیسے میں دستیاب ہو گا، ایل ڈی او کی پرانی قیمت 85 روپے 33 پیسے تھی۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل پر18 روپے، پٹرول پر 15 روپے، مٹی کے تیل پر 6 اور لائٹ ڈیزل پر 3 روپے فی لٹر لیوی وصولی ک منظوری دی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔

Comments are closed.