ریاستی املاک کو کم آمدنی والے افراد کیلئے بروئے کار لانا حکومتی پالیسی ہے، عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مالی حالات کی وجہ سے عوام کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے۔ ریاستی املاک کو کم آمدنی والے افراد کیلئے بروئے کار لانا حکومتی پالیسی ہے۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان میں تعمیراتی شعبے کے فروغ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے،ریاستی املاک کو تعمیرات اور خصوصاً کم آمدنی والے افراد کے لئے بروئے کار لانا حکومتی پالیسی ہے، تعمیرات سے متعلقہ ریگولیٹری باڈیز بشمول سی ڈی اے میں آباد کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا، این او سیز کی بجائے قوانین اورقواعد و ضوابط سے مطابقت رکھنے کے نظام کو فروغ دیا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ مسابقتی کمیشن تعمیرات سے وابستہ خام مال کی قیمتوں میں غیرحقیقی اضافہ روکے، تعمیرات کے شعبے کے فروغ سے معاشی عمل تیزہوگا، مشکل مالی حالات کی وجہ سے عوام کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو، تعمیرات کے شعبے کے فروغ میں حکومت ہر ممکنہ سہولت کاری فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کو صنعت قراردینے پرجلد ازجلد عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور تعمیرات کے شعبے میں کارٹل بنانے کے رجحانات کا خاتمہ کیا جائے۔

Comments are closed.