پاکستان پوسٹ کا آئندہ 3 برسوں میں 2 لاکھ روزگار فراہم کرنے کا پروگرام تیار

اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے ملک میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے جامع پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت آئندہ 3 برسوں میں 2 لاکھ لوگ برسر روزگار ہوں گے۔

ملک کے نوجوانوں کے لئے فراہمی روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پاکستان پوسٹ نے منصوبہ تیار کیا ہے۔ جس کے پائلٹ پراجیکٹ کا باضابطہ آغاز فروری میں کیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت تین سال میں 2 لاکھ افراد کو براہ راست روزگار ملے گا۔

منصوبے کے تحت ملک بھر میں ایک لاکھ 25 ہزار فرنچائز پوسٹ آفسز بنائے جائیں گے۔ ہرفرنچائز پوسٹ میں پوسٹل کے تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، فرنچائز پوسٹ آفسز میں یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی، پارسل کی ترسیل، ڈومیسٹک اور فارن ریمیٹنسز، پوسٹل اسٹیشنری، ای کامرس اور موبائل ٹاپ اپ کے ساتھ یوٹیلٹی اسٹورز اور سی ایس ڈی کی سہولت بھی ہوگی۔

وزیرمواصلات مراد سعید کی خصوصی ہدایت پر اس پروگرام کیلئے ماحول دوست الیکٹرانک اسکوٹیز اور رکشے بھی فراہم کئے جائیں گے اور جدید ٹیکنالوجی کے تحت عوام کو ہوم ڈیلیوری سروس مہیا کی جائے گی جس سے شہریوں کو گھر بیٹھے اشیائے ضروریہ مہیا کرنا ممکن ہو پائے گا۔

Comments are closed.