کراچی: گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود کو 13.25 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا دیا، ان کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک میں مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو پیش نظر رکھتے ہوئے شرح سود کو 13.25 فیصد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاشی حالات اور افراط زر کی شرح کو دیکھتے ہوئے موجودہ شرح سود کو ٹھیک کہا جاسکتا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ جولائی سے اب تک مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، رواں سال ملک میں مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد رہے گی، مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہوجائے گی، سپلائی بہتر ہونے سے مہنگائی کی شرح میں کمی آنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال زرعی پیداوار ہدف سے کم ہونے کا خدشہ ہے لیکن اس کے مقابلے میں دیگر شعبوں میں پیداوار بڑھ رہی ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے اچھے اشاریے سامنے آرہے ہیں جب کہ سیمنٹ کی پروڈکشن بھی بڑھ رہی ہے۔
رضا باقر نے مزید نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو بڑھانے کے لئے برآمدی صنعتوں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، ایکسپورٹرز کی حوصلہ افزائی مرکزی بینک کی ترجیح ہے اس لئے برآمدی شعبے کے لیے قرضوں کی حد 200 ارب روپے کی جارہی ہے۔
Comments are closed.