کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے 27 حکومتی ادارے و جائیدادیں نیلام کرنے اجازت دے دی

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونے والے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کے 27 اداروں اور جائیدادوں کی نیلامی کی اجازت دے دی گئی۔

وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کرنے کے لیے حکومتی اداروں اور جائیدادوں کی نیلامی کی اجازت دے دی ہے۔ اس حوالے سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی نجکاری کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں وفاقی کابینہ کی جانب سے غیر پیداواری زمین اور اثاثوں کی نیلامی کے فیصلہ پر پیش رفت کرتے ہوئے 27 حکومتی اداروں و جائیدادوں کی اوپن نیلامی کی اجازت دی گئی۔

اجلاس میں حکومتی ملکیتی اداروں و جائیدادوں کی اوپن نیلامی کی اجازت دینے اور اوپن بڈنگ پروسیجر اور مختلف حکومتی اداروں کی 27 غیر پیداواری زمینوں و اثاثوں کی مجموعی طور پر 6 ارب 62 کروڑ روپے ریزرو پرائس مقرر کرنے کے حوالے سے ٹرانزیکشن کمیٹی، بین الوزارتی کمیٹی اور نجکاری کمیشن بورڈ کی سفارشات کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے نجکاری کمیشن حکام نے بتایا کہ 27 حکومتی ملکیتی اداروں و جائیدادوں کی اوپن نیلامی کا عمل اپریل 2020ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

Comments are closed.