اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایت کے برعکس خزانہ ڈویژن اور ایف بی آر عوام کے ساتھ ہاتھ کر گئے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جب کہ پٹرولیم لیوی میں اضافہ کرتے ہوئے تقریباً 7 روپے کے مزید ریلیف سے عوام کو محروم کر دیا گیا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹی فیکشن جاری کردیا گیا ہے، خزانہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق آئندہ ماہ کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔جب کہ لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کا تیل 7، 7 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 111 روپے 60 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 122 روپے 26 پیسے ہوگی۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی نئی قیمت 72 روپے 45 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 77 روپے 51 پیسے ہوگی۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔
تمام پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی بڑھاکر عوام کو تقریبا 7روپے تک کے مزید ملنے والے ریلیف سے محروم کیا گیا، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 7روپے 5پیسے فی لیٹر اضافہ کر کے اسے 18 روپے سے بڑھا کر 25 روپے 5 پیسے فی لٹر کردیا گیا ہے،
پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی میں 4روپے 75پیسے اضافے کے بعد 15روپے سے بڑھاکر 19روپے 75پیسے کردی گئی، مٹی کے تیل پر پیٹرول لیوی میں 6روپے 33پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد کیروسین آئل پر لیوی 6روپے سے بڑھاکر 12روپے 33پیسے کر دی گئی ہے۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل پر پہلے سے عائد لیوی میں 1روپے 94پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے جس کے بعد لائٹ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 3روپے سے بڑھاکر 4روپے 94پیسے فی لیٹر کردی گئی۔
خیال رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 20 فیصد کمی کے پیشِ نظر مارچ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔ تاہم وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی بھرپور کوشش تھی کہ اوگرا کے اندازے سے نصف قیمت کی کمی صارفین تک پہنچے اور باقی رقم کو ٹیکس شرح بڑھا کر کے غیر متوقع فائدے کے طور پر جمع کیا جائے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے فی لیٹر کم کرکے 127 روپے سے 100 روپے کرنے کی سفارش کی تھی۔ جب کہ پیڑول بھی 15 روپے سستا کر کے اس کی فی لیٹر قیمت 100 روپے تک لانے کی تجویز دی تھی۔
Comments are closed.