50 روپے فی کلوتک مہنگی ہونیوالی ایل پی جی کی قیمت میں 12روپے71 پیسے کمی

اسلام آباد: حکومت نے گزشتہ ہفتے 50 روپے فی کلو تک مہنگی ہونے والی ایل پی جی کی قیمت میں 12 روپے 71  پیسے فی کلو گرام کمی کردی۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے مارچ کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 12 روپے 71 پیسے فی کلو کی کمی کی گئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق فروری میں ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سیلنڈر کی قیمت ایک ہزار 680 روپے تھی جو اب 150 روپے کی کمی کے بعد ایک ہزار 530 روپے کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کے باعث ایرانی سرحد بندش سے درآمدی ایل این جی کی فراہمی رک جانے سے قیمتیں 50 روپے فی کلو تک بڑھ گئی تھیں، جس کے گھریلو سلنڈر 500 جب کہ کمرشل سلنڈر 2 ہزار روپے تک مہنگا ہو چکا ہے۔

ایران سے پاکستان یومیہ 1 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد  کر رہا تھا تاہم پاک ایران سرحد کی بندش کے باعث ملک میں ایل پی جی کا بحران شدید ہونے کا خدشہ ہے، اس تمام تر صورتحال میں تشویشناک امر یہ ہے کہ پاکستان میں ایل پی جی کیلئے کوئی طویل المدتی پالیسی موجود نہیں ہے۔

Comments are closed.