اشیائے خورونوش کی قیمتوں20 روپے فی کلو تک اضافہ،کفن بھی 1100روپے مہنگا

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ مہنگائی کے بھی غریب عوام پر وار جاری ہیں، مسلسل دوسرے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، چینی، دودھ، دہی، ٹماٹر اور ایل پی جی سمیت متعدد اشیاء کے دام بڑھ گئے، کفن بھی مہنگا ہو گیا۔

ملک میں مہنگائی کے اعداد و شمار پر نظر رکھنے کیلئے قائم ادارہ پاکستان ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 7 روپے مہنگاہوا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 60روپے تک بڑھ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں چینی ایک روپے 60 پیسے اضافے کے ساتھ 81روپے 66 پیسے جب کہ گڑ ایک روپے 39 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ آٹے کا 20 کلو گرام والا تھیلا 7 روپے مہنگا ہوگیا مٹن 5 جب کہ بیف کی قیمت میں ایک روپے 15 پیسے فی کلو گرام اضافہ ہوا۔ دال مسور، انڈے دودھ اور دہی مہنگے ہوئے۔

اوپن مارکیٹ میں دال مونگ 230 روپے سے 250 روپے کلو، دال ماش220 سے 227 روپے کلو، چینی کی قیمت میں 2 روپے کلو تھوک کا اضافہ ہوگیا۔ چینی کی 50 کلو کی بوری اضافہ کے ساتھ 4020 روپے ہوگئی، جبکہ سفید چنا کی قیمت 10 روپے اور چاول 12 روپے مہنگا ہوگیا۔

خوراک کے ساتھ ساتھ کفن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جب کہ پھولوں کی پتیوں کی قیمت میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی۔ سلا ہوا مردانہ کفن 1200 روپےسے بڑھ کر 2100 روپے کا ہوگیا، جب کہ زنانہ کفن 1300 روپے سے بڑھ کر 2500 روپے تک میں فروخت کیاجا رہا ہے۔ قبروں پر ڈالنے والے خشک پھولوں کی قیمت میں تین سو جب کہ چادریں 500 سے بڑھ کر ایک ہزار روپے میں بیچی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.