اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے امور خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ چند ماہ کے دوران مزید کمی کی خوش خبری سنائی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس سے قبل ملکی معیشت مستحکم ہورہی تھی، اقتصادی اشاریے بہتری کی طرف گامزن تھے، مجموعی طور پر 4 ہزار ارب کے قرضے ادا کئے گئے اور ریونیو وصولیاں 8 ماہ میں تاریخی تھیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس وصولیاں 17 فیصد زیادہ تھیں، صوبوں کو این ایف سی کے تحت ان کے حصے سے زیادہ زیادہ پیسے دیئے گئے، تاہم کورونا کے باعث مشکلات سامنے آئی ہیں۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا کے باعث ناصرف پاکستان بلکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی بھی معیشتیں کمزور ہورہی ہیں، لیکن پاکستان میں کورونا کے تناظر میں متفقہ حکمت عملی کی کوشش ہورہی ہے، اگر پاکستان میں اقتصادی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہے تو اس کے ٹیکس ریونیو سمیت دیگر اہداف پر منفی اثرات ہوں گے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم نے 1250 کھرب روپے کا ریلیف پیکیج منظور کیا ہے،جس میں روزگار متاثر ہونے والے مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں، اس رقم سے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مدد کی جائے گی،چار ماہ کیلئے 3 ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے حقدار لوگوں کا تعین کرکے ریلیف دیا جائے گا، برآمد کنندگان کو 100 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈ دیں گے، زراعت اور ایس ایم ای کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے ہیں، ایس ایم ای کے لئے سود اور اصل زر کی ادائیگی کیلئے وقت دیں گے۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کی کمی کی، آئندہ چند ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی، یوٹیلئٹی اسٹورز سے دال چاول آٹا گھی شکر سستا دینے کیلئے 50 ارب رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوں کو قسطوں میں جمع کرانے کی سہولت دی جارہی ہے، کھاد کی قمیت میں مزید کمی کی جائے گی، حکومت کسانوں سے گندم خریدنے جارہی ہے، 82 لاکھ ٹن گندم خریدنے اور کسانوں کے لئے 280 ارب رکھے ہیں، آئندہ چندہ ماہ برآمدات اور ترسیلات زر میں کمی آئے گی۔
Comments are closed.