کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کے معاشی حالات کافی نازک ہیں، مشیر تجارت

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کے معاشی حالات کافی نازک ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی حالات کے حوالے سے عالمی بینک اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی پیش گوئی کر دی ہے۔ کورونا کی وجہ سے اس سال پاکستانی برآمدات میں 3 ارب ڈالر تک کمی متوقع ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مہینے گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات 70 فیصد گر گئی ہیں۔ کاروباری طبقے کے قرضوں کی ادائیگی موخر کرنے کے معاملے پر اسٹیٹ بینک سے بات چیت جاری ہے۔ مشیر تجارت نے گزشتہ سال چینی کی برآمد نہ روکنے سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کی تھی جس میں پاکستانی معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو منفی 1.5 فیصد رہے گی۔جس کے باعث پاکستان میں بے روزگاری اگلے دو سال مسلسل بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Comments are closed.