کراچی میں پٹرول نایاب، مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس بند، شہری رُل گئے

کراچی: شہر قائد میں پٹرول نایاب ہونے کی وجہ سے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس کو بند کر دیا گیا ہے، عیدالفطر کے موقع پر شہری خوار ہو گئے۔

آل پاکستان پیٹرولیم ریٹلرز ایسوسی ایشن کے رکن سمیر نجم الحسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی شہر کے مختلف پمپس پر پٹرول کے سٹاک ختم ہونے پر انھیں بند کر دیا گیا ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنز کی جانب سے فیول کی سپلائی متاثر ہے، حکومت فوری طور پر اس بحران کا نوٹس لے۔

دوسری جانب پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام پٹرولیم پروڈکٹس کی مسلسل فراہمی جاری ہے۔ گزشتہ تین دن کے دوران ریٹیل آوٹ لیٹس پر 6.5 ملین لیٹر پٹرولیم پروڈکٹس فراہم کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عام دنوں کی اوسط سیلز کے مقابلے میں 80 فیصد زیادہ ہے۔ پی ایس او کے پاس پٹرولیم پروڈکٹس کا تسلی بخش ذخیرہ موجود ہے۔ فیول کی قلت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام پمپس پر فیول کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ پی ایس او مقامی ریفاٸنیریز سے مقرر کوٹے کے مطابق پٹرولیم پروڈکٹس لے رہی ہے۔

پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت کی ہدایات کے مطابق شام 5 بجے پٹرول پمپس بند کر دیئے جاتے ہیں۔ صبح 8 سے شام 5 بجے تک فیول کی بلا تعطل فراہمی جاری رہتی ہے۔

Comments are closed.