اسلام آباد: رواں سال کے آخر تک پاکستان میں سونے کی قیمت دو لاکھ روپے فی تولہ تک پہنچنے کا امکان ہے ۔
ملک بھر میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، صرف ایک سال کے دوران ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 45 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی سطح پر چین اور امریکا کے درمیان معاشی و تجارتی تناؤ اور تیل کی قیمتوں کے اُتار چڑھاؤ کے بعد سرمایہ کار سونے کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں جس کی وجہ سے عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں تیزی آئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اس وقت بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار امریکی ڈالر سے زائد ہے جبکہ یہ قیمت رواں سال کے آخر تک 3 ہزار ڈالر فی اونس کا امکان ہے جس کے بعد خدشہ ہے کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت صرافہ مارکیٹوں میں دو لاکھ روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آخری کاروباری روزکے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں 2500 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 32 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
Comments are closed.