بڑھتی مہنگائی میں کمی، ذخیرہ اندروزوں کیخلاف کارروائی کیلئے ایکشن پلان تیار

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بڑھتی مہنگائی میں کمی کیلئے ایکشن پلان تیار کر لیا، ٹائیگر فورس کو ذخیرہ اندوزوں کی نشاندہی کا ٹاسک سونپے جانے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے اہم فیصلوں کا جلد اعلان متوقع ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کے روز ٹائیگر فورس سے کنونش سینٹر میں ملاقات کروں گا، اس دوران ٹائیگر فورس اپنے علاقوں میں روزانہ آٹا، دال، چینی اور گھی کی قیمتیں چیک کرے۔ رضاکار اشیائے ضروریہ کی قیمتیں روزانہ ٹائیگر فورس پورٹل پر بھیجیں۔

عمران خان نے ایک بار پھر ٹائیگر فورس رضا کاروں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹائیگر فورس کو ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کی نشاندہی کا ٹاسک سونپے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی یوتھ افئیرز عثمان ڈار سے مشاورت مکمل ہو گئی ہے، وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کا بڑا کنوشن بلانے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا پیر سے شروع ہونے والے ہفتے ہماری حکومت اشیائے خور و نوش سستی کرنے کیلئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے گی۔

ان کا کہنا تھا ہم پہلے ہی مہنگائی کے عوامل کا جائزہ لیتے ہوئے تعین کررہے ہیں کہ آیا رسد میں واقعی کمی ہے، یا پھر مافیا کی جانب سے ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ وغیرہ اس کا سبب ہے، یا دالوں اور پام آئل وغیرہ کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں اس کی وجہ ہیں۔

Comments are closed.