کراچی :ای فائٹو حب کے ساتھ جاری انضمام میں، پاکستان سنگل ونڈو نے زرعی سامان اور اجناس کی درآمدات میں الیکٹرانک فائٹو سینیٹری سرٹیفکیٹس (ای فائٹو) حاص کرنا شروع کر دیئے ہیں۔
نومبر 2023 میں ای فائٹو حب کے ساتھ انضمام کے بعد، پی ایس ڈبلیو پلیٹ فارم سے اشیاء کی برآمدات کیلئے ای فائٹوز بھیجے جارہے ہیں اور اب تک پاکستانی برآمدی کنسائنمنٹس کے لئے 77 ممالک کو 10,000 سے زیادہ ای فائٹو سرٹیفکیٹس بھیجے جا چکے ہیں۔
انٹرنیشنل پلانٹ پروٹیکشن کنونشن (آئی پی سی سی) کے ای فائٹو حب کے ذریعے ممالک کے درمیان ای فائٹو سرٹیفیکیٹ کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔ ای فائٹو حب کے ساتھ انضمام محکمہ پلانٹ پروٹیکشن، وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور پی ایس ڈبلیو کی مشترکہ کوشش ہے اور یہ پاکستان کی سپلائی چین ٹرانزیکشنز کو ڈیجیٹل کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔پی ایس ڈبلیو کا مقصد تجارتی عمل کو ہموار بنانا ہے۔ ڈی پی پی کے سرحد پار تجارت میں سہولیات فراہم کرنے کے لئے الیکٹرانک ایپلیکیشن، پروسیسنگ، اور درآمدی اجازت نامے کے اجراء کے علاوہ قومی اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق پودوں اور پودوں سے متعلقہ اشیاء کی درآمد اور برآمد کے لئے ریلیز آرڈر اور فائٹو سینیٹری سرٹیفیکیٹس کے حصول کو ڈیجیٹلائز کیا ہے۔
اس حب کے ذریعے ای فائٹوز کا الیکٹرانک تبادلہ کسٹم کلیئرنس کے دوران تاجروں کو دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت کو ختم کرتا ہے۔ درآمد کنندگان، کم وقت اورلاگت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں کیونکہ ڈی پی پی سے ان کے درآمدی کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کے لیے ریلیز آرڈرز کا حصول بغیر ہارڈ کاپی جمع کرائے ممکن ہوگیا ہے جس میں تاجروں کو سنگل ڈیکلریشن کرتے وقت صرف ای فائٹو سرٹیفکیٹ کا نمبر درج کرنا ہوگا۔وفاقی سیکریٹری برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ نے آٹومیشن کے ذریعے تجارت کو ہموار بنانے کے لیے پی ایس ڈبلیو اور ڈی پی پی کی کاوش کو سراہا اور انہیں مبارکباد دی۔
پی ایس ڈبلیو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بھی دونوں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سرحد پار تجارت کو مزید بڑھانے کے لیے وزارت کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کا عزم کیا۔آئی پی پی سی ایک کثیر الجہتی معاہدہ ہے جو اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت کی تنظیم کے زیر نگرانی ہے ۔ ای فائٹو سلوشن ایک ایسا ٹول ہے جو کاغذی فائٹو سینیٹری سرٹیفکیٹ کی معلومات کو ڈیجیٹل فائیٹو سینیٹری سرٹیفکیٹ میں تبدیل کرتا ہے۔ ممالک کے درمیان یہ الیکٹرانک تبادلہ تجارت کو محفوظ، تیز اور سستا بناتا ہے۔
ای فائٹو حب سے منسلک ہو کر، پاکستان دنیا کے 127 ممالک کے ساتھ الیکٹرانک طور پر فائٹو سینیٹری سرٹیفکیٹس کا تبادلہ کر سکتا ہے۔پی ایس ڈبلیو ایک مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو تجارت اور نقل و حمل سے منسلک فریقین کو معیاری معلومات اور دستاویزات کو سنگل انٹری پوائنٹ کے ساتھ داخل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے تاکہ درآمد، برآمد، اور ٹرانزٹ سے متعلقہ ریگولیٹری تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔
اس کا مقصد پاکستان کی سرحد پار تجارت کو ڈیجیٹلائز کرکے ، کاغذ پر مبنی دستاویزات کو ختم کرکے کاروبار کرنے کے وقت اور لاگت کو کم کرنا ہے۔ پی ایس ڈبلیو، ایک ایسا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو پاکستان کے تجارتی منظر نامے کو بدل دے گا۔ یہ کسٹمز اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کے سرحد پار تجارت سے متعلق طریقہ کار کو خودکار بناتا ہے اور ان کے ساتھ انضمام کرکے تجارت کو مزید تیز، زیادہ قابل رسائی اور بجٹ کے موافق بناتا ہے۔
Comments are closed.