پاکستان اورافغانستان کا باہمی تجارت کو سیاست سے الگ رکھنے پراتفاق

مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے کہا ہے کہ آئندہ سال جنوری کے اختتام تک پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ مکمل ہو جائے گا،افغانستان کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدہ بھی ہوگا-پاک افغان مذاکرات میں بھارتی اشیا ءکی ترسیل کامعاملہ زیرغور نہیں آئےگا۔
اسلام آباد میں آٹھویں افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی کا مشترکہ اجلاس شروع ہوگیا- اافتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے کہا کہ افغانستان میں جنگ کے باعث سرحدیں بند رہنے سے دوطرفہ تجارت متاثر ہوئی،افغانستان کو اشیاء کی بلاتعطل فراہمی کے لئے سرحدوں پر کام ہورہاہے-امید ہے جنوری کے اختتام تک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ مکمل کرلیا جائے گا،ابھی صرف دوطرفہ تجارت پر بات ہورہی ہے-

 مشیر تجارت نے کہاکہ پاکستانی وفد آئندہ ماہ کابل کا دورہ کرے گا جس میں ٹرانزٹ ٹریڈ کا معاہدہ ہوجائے گا- موجودہ تین روزہ مذاکرات میں بھارتی اشیاء کی ترسیل پرغور نہیں کیا جائے گا-

اس موقع پر افغان وزیر تجارت نثار احمد فائزی نے کہاکہ دونوں ممالک کو سیاست کو تجارت سے الگ کرنا ہوگا-افغانستان پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی دینے کا خواہش مند ہے ،ٹرانزٹ ٹریڈ کی راہ میں حائل متعدد رکاوٹیں دورہو چکی ہیں تاہم بعض حساس ایشوز کو حل کرنا ہوگا-افغان وزیر تجارت نے کہاکہ دونوں مسلم ممالک میں موثر تجارتی حکمت عملی مرتب کرنے کی صلاحیت موجود ہے-دونوں ممالک ایک مشترکہ انٹرسٹ پوائنٹ قائم کرسکتے ہیں-تجارتی معاہدے سے قیام امن کی کوششوں میں مددملے گی۔

 

Comments are closed.