پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور ترجیحی تجارتی معاہدے پر پیش رفت نہ ہوسکی

 پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ اورترجیحی تجارت کے معاہدے پر پیش رفت نہ ہو سکی، دونوں ممالک کے درمیان تین روزہ اجلاس کے بعد بھی ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی تجدید اور ترجیحی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل نہ دی جا سکی۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے افغانستان، پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی کے تین روزہ اجلاس میں پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی تجدید اور ترجیحی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل نہ دی جاسکی، دونوں ممالک کے درمیان آئندہ اجلاس کے تاریخ اور مقام پر بھی اتفاق نہیں ہوسکا۔

وزارت تجارت کے اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کی تجدید کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے تاہم اس حوالے سے آئندہ اجلاس کی تاریخ اور مقام کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔معاہدے کی تجدید کیلئے تعمیری بات چیت ہوئی اور دونوں ممالک کی جانب سے معاہدہ کے مجوزہ مسودہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کوارڈی نیشن اتھارٹی کا تین روزہ اجلاس 28 سے 30 دسمبر کو اسلام آباد میں ہوا، جس میں ترجیحی تجارتی معاہدے اور ریلوے کے شعبہ میں تعاون کیلئے ایم او یو پر بھی بات چیت کی گئی، افغان وفد نے دورے کے دوران وزیر اعظم پاکستان اور سپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

Comments are closed.