سعودی عرب کیلئے پی آئی اے آپریشن بحال، 30 ستمبر تک کی تمام ٹکٹیں فروخت

پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کا انتظار ختم ہو گیا، سعودی حکومت کی جانب سے سفری پابندیاں جزوی طور پر ہٹائے جانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے)کی 30 ستمبر تک کی تمام پروازوں کے ٹکٹ ایک ہی دن میں  فروخت ہو گئے۔

سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد پی آئی اے ترجمان عبداللہ حفیظ نے  قومی ایئر لائن  پاکستان سے فلائٹ آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا اور بتایا کہ پی آئی اے کا سعودی عرب سے پاکستان کے لئے آپریشن فعال تھا تاہم اب پاکستان سے مسافر سعودی عرب بھی جا سکیں گے۔

عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پاکستان سے سعودی عرب کی ہفتہ وار 23 پروازیں چلا رہا ہے۔ جب کہ 30 ستمبر تک جدہ، مدینہ، ریاض اور دمام کے لئے مزید 28 پروازوں کی اجازت بھی مانگی گئی ہے، وہ تمام مسافر جن کے پاس سعودی عرب کا رہائشی ، اقامہ ہولڈر یا وزٹ ویزہ ہے وہ سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں۔

اس سلسلے میں پاکستان سے سعودی عرب کے لیے جمعرات سے شروع ہونے والی 30 ستمبر تک کی 23 پروازوں کے لئے تمام 3 ہزار ٹکٹیں ایک ہی دن میں  فروخت ہو چکی ہیں، سعودیہ جانے والے مسافروں کو 48 گھنٹے کے اندر کرونا کا منفی ٹیسٹ فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے قومی ایئر لائن نے 28 مزید پروازیں چلانے کی اجازت مانگی ہے جس کے بعد 21 یا 22 ستمبر سے اضافی پروازیں چلنا شروع  ہو جائیں گی جن کے ذریعے 9 ہزار کے قریب مسافروں سعودی عرب کے مختلف شہروں کیلئے روانہ ہوں گے۔

اس حوالے سے سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی سے ملاقات بھی کی ہے جس میں پروازیں بڑھانے کے حوالے سے گفتگو کی۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے کے لئے ایئر ٹکٹس ’پہلے آئیں پہلے پائیں‘ کے تحت فروخت کی جا رہی ہیں اور 30 ستمبر تک شیڈول کی گئی۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے کوروانا وائرس کے باعث عائد کی گئی سفری پابندیاں جزوی طور پر ہٹا دی گئی ہیں تاہم یکم جنوری سے پابندیاں مکمل ختم ہوں گی۔

Comments are closed.