اسلام آباد: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ذمہ دار تاجر نہیں بلکہ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیاں ہیں، آٹا چینی سمیت دیگر مافیا حکومتی ایوانوں میں موجود ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمد کاشف چوہدری صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے کہا کہ مہنگائی کرنے والے آٹا،چینی، ادویات، پٹرولیم مافیا حکومتی ایوانوں میں موجود ہیں۔ ٹائیگر فورس کو مہنگائی کنڑول کرنے کا اختیار دینا ملک میں نیا فساد کھڑا کر نے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ذخیرہ اندوزوں،مہنگائی مافیا کی سہولت کار بنی ہے،حکومتی اقدامات دکھلاوے کے سوا کچھ نہیں۔ پرائس کنٹرول کے نام پر دکانوں کو سیل و جرمانے کرنا اورخوف پھیلانا معیشت کیلئے زھر قاتل ہے،مہنگائی پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے،روپے کی قدر میں کمی،ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے بھی ہوئی۔
محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت سستے داموں آٹا چینی مہیا کرے۔ ملک بھر کے اسٹورز پر بغیر منافع فروخت کروائیں گے، بجلی گیس پٹرول ادویات چینی آٹا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہوا، مفروضوں پر مبنی ریٹ لسٹیں ہمیں قبول نہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے صدر مرکزی تنظیم تاجران نے کہا کہ یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ حکومت ہر طر ح کے مافیا کو پکڑ کر پوری قوم کے سامنے کیوں لے کر نہیں آتی۔ پی ٹی آئی حکومت یکطرفہ فیصلوں کی بجائے مہنگائی کم کر نے کے لیے اسٹیک ہولڈرز سے بات کرے۔
Comments are closed.