پاکستان کا نظام صحت ابتر، کورونا پر قابو پانے کے قابل نہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں نظام صحت کی موجودہ صورتحال کو ابتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ہیلتھ انفراسٹرکچر کورونا وبا پر قابو پانے کے قابل نہیں، ملک کے اندر اسپتالوں میں ہر ایک ہزار افراد کیلئے صرف 6 بستر دستیاب ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے حوالے سے جاری کردہ تازہ رپورٹ نے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں، پینتیس صفحات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ میں پاکستان میں صحت عامہ کی صورت حال کو ابتر قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستانی ہیلتھ انفراسٹرکچر وباء کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے قابل نہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا اسی طرح پھیلتا رہا تو پاکستانی عوام کو طبی سہولیات دینا چیلنج ہوگا، پاکستان میں 1000 افراد کیلئے طبی سہولت کی شرح محض 1.45 فیصد جب کہ اسپتالوں میں ہر 1000 افراد کے لئے صرف 6 بستر ہیں۔

اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق زچگی کے دوران اموات کےحوالے سے پاکستان ہائی رسک ممالک میں شامل ہے، طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث ایک لاکھ میں سے 8300 خواتین زچگی کے دوران طبی سہولیات نہ ملنے سے مر جاتی ہیں۔

متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر فراہمی کا مقصد کورونا سے بچاؤ کے لیے تین بڑے شعبوں پر توجہ دینا ہے، رقم کے ذریعے غریب طبقے کےلیےصحت کی سہولیات بہتر بنانا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، رقم میں سے 10 کروڑ ڈالر غریب افراد کے روزگار پرخرچ ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق 50 کروڑ ڈالر میں سے 30 کروڑ ڈالر سماجی تحفظ، 10 کروڑ ڈالر براہ راست کورونا کے علاج کے لیے خرچ ہوں گے، جن سے پاکستان کورونا مریضوں کے لیے آلات اور ادویات کی خریداری اور ہنگامی طور پر طبی سہولیات اپ گریڈ کرسکے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق جون 2019 میں قرضے اور واجبات پاکستان کی معیشت کا 84.8 فیصد تھے،جون 2018 میں قرضے اور واجبات پاکستان کی معیشت کے72.1 فیصد تھے،دسمبر 2019 میں قرضے اور واجبات معیشت کا 77.3 فیصد تھے جبکہ جون 2020 کے آخر میں قرضے اور واجبات معیشت کا 84.1 فی صد ہوسکتے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کورونا کی وجہ سے کئی معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان کو ٹیکس کی چھوٹ محدود کرنے کی ضرورت ہے، صوبوں کو ٹیکس آمدن بڑھانا ہوگی جب کہ توانائی کے نقصانات کم کرنا بھی پاکستان کی اہم ترین ضرورت ہے۔

1 Comment
  1. bitcoincasino says

    Of course, your article is good enough, bitcoincasino but I thought it would be much better to see professional photos and videos together. There are articles and photos on these topics on my homepage, so please visit and share your opinions.

Comments are closed.