بی ایس آرٹیفیشل انٹیلی جنس ڈگری کیلئے جی آئی کے اور ہواوے میں شراکت داری قائم
جی آئی کے سے اشتراک کے ساتھ ہواوے مصنوعی ذہانت کا بہترین نظام متعارف کرائے گا، مارک مینگ
اسلام آباد: غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے)نے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے شعبے میں بی ایس کی ڈگری کیلئے ہواوے پاکستان کیساتھ شراکت داری کر لی۔
ایک ورچوئل ایونٹ کے ذریعہ ہواوے پاکستان اور اپنی صنعت سے وابستہ شراکت داری کو باضابطہ شکل دی گئی۔ہواوے کے اشتراک سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام کو تقویت ملے گی۔اس پروگرام کی شروعات 2016 میں غلام اسحاق خان یونیورسٹی میں ہواوے آئی سی ٹی اکیڈمی کے قیام کے ساتھ ہوئی۔
واضح رہے کہ انجینئرنگ کی تعلیم کے حوالے سے غلام اسحاق خان یونیورسٹی معروف ادارہ کے طور پر جانی جاتی ہے،جب کہ ہواوے ٹیکنالوجیز آئی ٹی کمپنیز کی صف اول میں شامل ہے۔ طلبا ء عالمی معیار کی تعلیم کیساتھ عملی تجربہ حاصل کرکے ہواوے کیریئر کی سند حاصل کریں گے، جس کے بعد انہیں ملازمت کے خاطر خواہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
دونوں فریقین کے درمیان اس سلسلے میں معاہدے پر دستخطوں کی باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر جی آئی کے بورڈ آف گورنرز اینڈ سوپرسٹ فرید رحمان،ریکٹر جی آئی کے جہانگیر بشار، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شکیل درانی، چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او ) ہواوے مارک مینگ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر فرید رحمان نے کہا کہ یہ کامیاب چار سالہ شراکت داری مستقبل کے لئے اعلی سطح پر باہمی تعاون فراہم کرتی ہے ۔ ہواوے پاکستان کے سربراہ مارک مینگ نے کہا کہ ہواوے غلام اسحاق خان یونیورسٹی کے ساتھ مصنوعی ذہانت کا سب سے بہتر نظام متعارف کرائے گا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سوپریسٹ شکیل درانی نے جی آئی کے کی کوششوں اور ہواوے کے تعاون کو سراہا ۔
Comments are closed.