اسلام آباد: ہائرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی ڈاکٹرز کی ڈگریاں تسلیم کرنے سے انکار اور ڈاکٹرز کو ملازمتوں سے نکالے جانے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری کی سربراہی میں صحت کی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کے سربراہان کے ایک اجلاس ہوا۔ایم ڈی اورایم ایس ڈگریوں والے پاکستانی ڈاکٹرز کو سعودی عرب چھوڑنے کے حکم پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
سعودی حکومت سے بات چیت کیلئے 5 رکنی وفد تشکیل دے دیا گیا ہے جس میں میڈیکل یونیورسٹیز اور ایچ ای سی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ جو معاملے کے حل کے لئے سعودی حکام کے ساتھ رابطے کرے گا۔
میڈیکل کی تعلیم کے شعبے میں بڑھتے ہوئےچیلنجز سے نمٹنے کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، چیئرمین ایچ ای سی کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی میں وزارت صحت، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)، کالج آف فزیشنزاینڈ سرجنز آف پاکستان (سی پی ایس پی) اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
یہ کمیٹی گریجویٹ،انڈرگریجویٹ، کلینیکل سرٹیفیکیشن،ہیلتھ ریسرچ کے شعبوں، بین الاقوامی معیارات اورمساوی سرٹیفیکیشن سے متعلق دیگر ممالک کے ساتھ معاملات کا جائزہ لے گی۔
Comments are closed.