پولیو بے قابو، مزید 5 بچے مہلک مرض کا شکار، رواں برس پولیو کیسز91 ہو گئے

اسلام آباد: حکومت پاکستان کی جانب سے انسداد پولیو کی مہم اور خصوصی اقدامات بے سود ثابت ہو رہے ہیں، پولیو وائرس بے قابو ہو گیا، ملک بھر میں پولیو کے 5 نئے کیسز سامنے آگئے، جس کے بعد رواں برس مجموعی تعداد 91 تک پہنچ گئی۔

انسداد پولیو مہم اور حکومتی دعووں کے باوجود ملک بھر میں پولیو نے دوبارہ پنجے گاڑھنا شروع کر دیئے ہیں، سندھ اور خیبرپختونخواہ میں مذید 5 بچے پولیو وائرس کا شکار ہوگئے۔ کراچی کے علاقے کیماڑی کے رہائشی 12 سالہ لڑکے ،شہید بینظیر آباد کی تحصیل سکرنڈ میں 3 ماہ کی بچی اور ضلع جامشورو کی تحصیل کوٹری میں ڈھائی سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ میں 3 ماہ کی بچی اور ضلع بنوں کی تحصیل وزیر میں 10 ماہ کا بچہ مہلک مرض کا شکار ہوا۔ پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں رواں سال متاثرہ بچوں کی تعداد 91 تک پہنچ گئی۔ سب سے زیادہ 66  کیسز خيبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ جب کہ سندھ میں 13 بلوچستان میں 7 جبکہ پنجاب میں 5 بچے پولیو کا شکار ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ انسداد پولیو پروگرام سابق فوکل پرسن بابر بن عطاء کے دوران میں جعلی رپورٹس تیار کی گئیں، اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرنے کے بجائے بابربن عطا کا تمام تر دھیان صرف میڈیا پبلسٹی پر مرکوز رہا۔

Comments are closed.