جرمنی میں فراہم کی جانے والی تعلیم بالغاں کا معیار دنیا میں سب سے اعلیٰ

برلن: تعلیم و ثقافت سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ عمر رسیدہ افراد، مہاجرین اور پناہ گزینوں کو تعلیم بالغاں کے سلسلے میں سب سے زیادہ رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

یونیسکو کی رپورٹ کے مطابق جرمنی میں فراہم کی جانے والی تعلیم بالغاں کا معیار دنیا میں سب سے اعلیٰ ہے۔ تعلیم و ثقافت سے متعلق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے مطابق اس یورپی ملک میں تعلیم بالغاں کا نہ صرف معیار بلکہ اس کی مد میں خرچ کی جانے والی رقوم بھی قابل ذکر ہیں۔

یونیسکو رپورٹ کے مطابق جرمنی میں تعلیم پر مختص بجٹ کا چار فیصد تعلیم بالغاں پر خرچ کیا جاتا ہے۔ تمام ملکوں کا جائزہ لیا جائے تو 20 فیصد ممالک تعلیم کی فراہمی کے لیے مختص اپنے بجٹ کا0.5 فیصد تعلیم بالغاں پر خرچ کرتے ہیں۔

جرمنی میں یونیسکو کمیشن کی صدر ماریا بوہمر نے اس بارے میں کہا کہ ہم جرمنی میں بہت کچھ حاصل کرچکے ہیں لیکن ایک ایسے دور میں کہ جب ملازمت اور اس سے جڑا ماحول ہر وقت تبدیل ہوتا رہتا ہے، زندگی بھر سیکھنے کا عمل جاری رکھنا اور بھی ضروری ہے۔

جرمنی میں یونیسکو کمیشن کی صدر ماریا بوہمرنے کہا کہ مستقبل میں اس مد میں اور بھی زیادہ رقوم خرچ کی جائیں گی۔

Comments are closed.