کوروناسے بچاؤ کیلئے پاکستانیوں کو اپنے شہریوں جیسی سولیات دےرہےہیں، وانگ ژی

اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس پھیلاؤ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستانی کمیونٹی کی اپنے شہریوں کی طرح ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی کے درمیان ٹیلفونک رابطہ ہوا جس میں کورونا وائرس اور وبا سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کورونا وائرس کے حملے اور چینی حکومت کی جانب سے کیے گئے تمام حفاظتی اقدامات سے شاہ محمود قریشی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیرتعلیم طلبہ کو اس وبا سے بچانے کیلئے حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت پاکستانی کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور ان کو اپنے شہریوں کی طرح سہولیات فراہم کر رہی ہے جب کہ ڈبلیو ایچ او نے بھی کرونا وائرس کے حوالے سے چینی حکومت کی کوششوں کو سراہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے چینی حکام کی اب تک کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وائرس سے متاثرہ علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم پاکستانی طلباء کو خصوصی توجہ دینے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جب کہ پاکستانی عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Comments are closed.