کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں نئے تعلیمی سال اور موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے شیڈول کا اعلان کردیا۔
وزیرتعلیم سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسکولوں میں نئے تعلیمی سال اور موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے معاملات پر غور کیا گیا۔
بیان کے مطابق اجلاس میں نیا تعلیمی سال 15 اپریل سے شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ اس کے علاوہ رواں برس موسمِ گرما کی تعطیلات 15 مئی سے 14 جولائی تک ہوں گی تاہم آئندہ سال سے یہ تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی۔
سعید غنی نے کہا کہ 9 ویں اور 10 ویں جماعت کے امتحانات 16 مارچ سے ہی شروع ہوں گے، تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا عملہ و اساتذہ 9 مارچ سے حاضری یقینی بنائے، اسکولوں کی انتظامیہ بورڈ سے ایڈمٹ کارڈز وصول کرکے اپنے طلبہ کو فراہم کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کریں، سندھ بھر میں میٹرک کے نتائج کا اعلان 30 جون تک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کالجز میں تعلیمی سال یکم اگست سے شروع کیا جائے گا، آغا خان بورڈ بھی اپنے نتائج 30 جون تک مکمل کرے، اس حوالے سے اقدامات کرے، اے اور او لیول کے بچے اگر سندھ بورڈ کے تحت اپنا تعلیمی سفر شروع کرتے ہیں تو ان کے لئے کالج کی داخلہ پالیسی میں آپشن رکھا جائے گا۔
Comments are closed.