اسلام آباد: چین کی جانب سے پاکستان میں عالمی وباء سے کی روک تھام کیلئے امداد اور تعاون کا سلسلہ جاری ہے، چینی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم مزید دو ٹن طبی سامان کی کھیپ لے کر اسلام آباد پہنچ گئی۔
کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے ا چینی ماہرین صحت اور ڈاکٹرز کی آٹھ رکنی ٹیم ارمچی سے خصوصی پرواز کے ذریعے 2 ٹن امدادی سامان لے کر نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، چینی سفیر ژاؤ جنگ چینی ڈاکٹرز کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امدادی سامان، طبی آلات اور میڈیکل ٹیم بھیجنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور ایک پھر دنیا کو دکھا دیا کہ چین پاکستان کا دوست ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں میں چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چین گیا تھا اور آج میں یہاں چین کی طرف سے بھیجے گئے امدادی سامان اور میڈیکل ٹیم کو لینے آیا ہوں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ چینی طبی ماہرین کی یہ ٹیم دو ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گی، اور پاکستانی ڈاکٹرز اور ماہرین صحت کو کورونا کے خلاف جنگ میں چین کی کامیابی اور تجربات کی روشنی میں تربیت و معاونت فراہم کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ارمچی سے اسلام آباد پہنچنے والی امدادی کھیپ میں کورونا وائرس کی تشخیص میں استعمال ہونے والی ایک لاکھ 5 ہزار سے زائد کٹس، 20 لاکھ سے زائد ماسک، 77 ہزار میڈیکل کور، 217 ونٹی لیٹرز اور 50ہزار میڈیکل دستانے شامل ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ علی بابا فاونڈیشن اور جیک ما فاونڈیشن نے 50 ہزار ٹیسٹنگ کٹس اور 5 لاکھ حفاظتی ماسک پاکستان کو دیئے ہیں، چین نے درہ خنجراب کے ذریعے بھی دو ٹن ماسک، ٹیسٹ کٹس، وینٹیلیٹرز، طبی حفاظتی لباس بھی پاکستان کے حوالے کئے ہیں۔
چین 🇨🇳متحرک و سرگرم عمل! " ھمارے دونوں ممالک مخلص دوست اور مثالی بھائ ہیں۔جو ھر دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ھیں۔ چین 🇨🇳کرونا وائیرس کے خلاف جنگ میں پاکستان 🇵🇰کی بھرپور حمایت کیلئے پر عزم ھے" سفیر یاؤ جنگ. @ArifAlvi @ImranKhanPTI @ForeignOfficePk @zfrmrza @MFA_China pic.twitter.com/4eTGP3tNLF
— Chinese Emb Pakistan (@CathayPak) March 28, 2020
چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے چین متحرک اور سرگرم عمل ہے، پاکستان اور چین دوست اور برادر ممالک ہیں جو ہر دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہیں۔ چین کورونا کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کے لئے پرعزم ہے۔
Comments are closed.