ملک بھر میں تعلیمی اداروں 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ، تمام امتحانات منسوخ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر ملک بھر میں تعلیمی اداروں کو 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تعلیمی ادارے نہ کھولنے کا اعلان وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں وزیراعظم کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ میں کیا۔ شفقت محمود نے بتایا کہ صوبوں کے تحفظات کے بعد قومی رابطہ کمیٹی نے وباء کے خدشات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو مزید ڈیڑھ ماہ کیلئے بند کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم و تربیت کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل جون اور جولائی میں امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم موجودہ حالات اس کی اجازت نہیں دیتے، اس لئے تعلیمی بورڈز کے زیراہتمام ہونیوالے تمام امتحانات منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔ طلبہ پچھلے امتحانات کے نتائج کی بنیاد پر ہی پروموٹ کیا جائے گا۔ نٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو سابق نتائج پر پروموٹ کیا جائے گا، جب کہ گیارویں جماعت کے رزلٹ کی بنیاد پر یونیورسٹیوں میں داخلہ مل سکے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شفقت محمود کی زیرصدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظرصوبوں میں یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔ پنجاب، بلوچستان اور سندھ نے یکم جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کی مخالفت جبکہ خیبر پختونخوا نے حمایت کی تھی۔

Comments are closed.