9ویں اور 11ویں جماعت کے امتحانات دینے والے طلبہ اگلی کلاسز میں پروموٹ
سندھ حکومت کا میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ کرکے طلبا کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد/ کراچی: وفاقی وزیرتعلیم و تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ آئندہ برس دسویں اور بارہویں کا امتحان لیا جائے گا۔ 40 فیصد مضامین میں فیل طلبہ کو پاسنگ مارکس دیئے جائیں گے۔
وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کی سفارشات پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریف کرتے ہوئے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے طلبہ کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ 9ویں اور 11ویں جماعت کے بچوں کو پروموٹ کر دیا گیا ہے، یہ طلبا و طالبات آئندہ سال 10ویں اور 12ویں جماعت کا امتحان دیں گے۔ امتحان کی بنیاد پر پچھلے سال کے نمبرز دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال 40 لاکھ بچوں نے میٹرک اور انٹر کے امتحان دینے تھے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 40 فیصد سے زائد مضامین میں فیل بچوں کا سپیشل امتحان ہوگا جو ستمبر سے نومبر کے درمیان لیا جا سکتا ہے۔ چند مضامین کا امتحان دینے والے طلبہ سپیشل امتحان دے سکیں گے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خصوصی امتحان دینے والے بچے یکم جولائی تک بورڈ کو آگاہ کریں گے۔ رزلٹ سے مطمئن نہ ہونے والے خصوصی امتحان دے سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے والدین اور پرائیویٹ سکولز کا بھی خیال کرنا ہے۔ تھوڑی فیس لینے والے پرائیویٹ سکولز کے لیے بڑا برا وقت ہے۔ اسلام آباد میں 85 فیصد سے زائد سکولز 5 ہزار سے بھی کم فیس لیتے ہیں۔
سندھ حکومت کا میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات منسوخ کرکے طلبا کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ آئین میں تبدیلی کرکے بچوں کو پروموٹ کردیا جائے گا، بورڈ کے امتحان نہ ہونے کے فیصلے کا اعلان اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا جب کہ بچوں کو اگلی جماعت میں پروموٹ کرنے لئے قانون تبدیل کیا جائے گا۔
سیعد غنی کا مزید کہنا تھا کہ قانون سازی کے بعد ہی اس پر عمل کیا جائے گا، تمام بچوں کا ڈیٹا تیار کریں گے تاکہ اگلی جماعت میں داخلہ اور یونیورسٹی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جب کہ پہلی سے آٹھویں جماعت کے طالبعلموں کو پروموٹ کرنے کا حتمی فیصلہ ہوچکا ہے۔
بعد ازاں پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو بچے فیل ہیں ہم ان کو پاسنگ مارکس دیکر پروموٹ کریں گے اور دیگر بچوں کو 3 فیصد اضافی مارکس دیکر پروموٹ کیا جائے گا، نویں کلاس کا طالب علم نتیجے کی بنیاد پر دسویں میں پروموٹ کیا جائے گا جب کہ دسویں جماعت کے طلبا کو نویں جماعت کے نتیجے کی بنیاد پر پاس کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جو دسویں اور بارہویں جماعت میں ہیں ان کے پچھلے رزلٹ ہمارے پاس موجود ہیں، جامعات کے ساتھ بھی رابطے داخلے کے حوالے سے میں ہیں تاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔
Comments are closed.