وفاق المدارس العربیہ کا 2 جون سے داخلوں اور 12 جون سے کلاسز کے آغاز کا اعلان

لاہور: وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے 2 جون سے طلبہ کے داخلوں اور 12 جون سے کلاسز کے آغاز کا اعلان کردیا۔

مولانا عبدالرشید کی زیرصدارت وفاق المدارس العربیہ کا جامعہ اشرفیہ میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں 2 جون سے مدارس میں داخلے اور 12جون سے تدریسی عمل کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں نجی اسکولز کے ساتھ مل کر حکومت پر دباؤ بڑھانے، جبکہ تبلیغی مراکز کھلوانے اور تبلیغی جماعت کی سرگرمیاں شروع کرانے میں معاونت کی یقین دہانی اور مشاورت کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

بعد ازاں مولانا قاضی عبدالرشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ وفاق المدارس العربیہ اور اتحاد تنظیمات مدارس کی قیادت کرے گی، مدارس دینیہ کو مزید بند رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، انہوں نے مذہبی طبقے کو دیوار سے لگانے کا الزام بھی عائد کیا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مولانا قاضی عبدالرشید کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کے ساتھ تیار کردہ 20 نکاتی ایس او پیز پر کسی شعبہ نے عمل نہیں کیا، انہوں نے سوال کیا کہ صرف مساجد میں ان پر عمل کیا گیا، شاپنگ مالز، ٹرانسپورٹ، بازار، سبزی منڈیاں، دفاتر کھل اور جلوس نکل سکتے ہیں، تو مدارس کیوں نہیں کھولے جا سکتے ہیں؟

مولانا قاضی عبدالرشید نے مزید کہا کہ شام کے شہر ادلب میں خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیزؓ کی قبر کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہیں۔

Comments are closed.